• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری اپنے وطن میں جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، سردار مسعود خان

​لندن (پ ر)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے وطن میں جنگ نہیں امن چاہتے ہیں لیکن ہندوستان جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں نولاکھ بھارتی فوج نے کشمیریوں کا امن و سکون برباد کر دیا ہے، بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں بینائی ختم کر رہے ہیں،برٹش پاکستانی پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے راہ ہموار کر رہے ہیں جس پر پوری کشمیری قوم ان کی شکر گزار ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے برطانیہ سے آئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کی قیادت میں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کرنے والوں میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن سید علی رضا بخاری، چیئرمین انٹرنیشنل صوفی سکالر فورم برطانیہ کے چیئرمین ڈاکٹر پیر زادہ مسعود رضا، صاحبزادہ انضمام الحق جامی، نواز کھرل، طارق حسن بھٹی بھی موجود تھے۔صدر آزاد کشمیر نے وفد کی کشمیر ہائوس آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے صدر آزاد کشمیر کو ملاقات کے دوران بتایا کہ المصطفیٰ فری آئی کیمپوں میں اندھے پن میں مبتلا ایک لاکھ افراد کی آنکھوں کے آپریشن مکمل کر چکی ہے،فری آئی کیمپوں میں مریضوں کو آپریشن کے ساتھ کھانے، رہائش، لینز،طبی معائنہ جات سمیت تمام سہولیات مفت مہیا کی جارہی ہیں،آئی کیمپوں میں سب سے زیادہ ترجیح آزاد کشمیر کو دے رہے ہیں مستحق مریضوں کے علاج کے لئے لاہور میں المصطفیٰ آئی ہسپتال قائم کیا گیا،مظفر آباد میں بھی آئی ہسپتال قائم ہو گا جس کے لئے آزاد کشمیر حکومت سے زمین مہیا کرنے کی اپیل کی جاتی ہے،گزشتہ سال مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کے بعد مظفر آباد سے چکوٹھی تک غذائی سامان کے ایک سو ٹرکوں پر مشتمل سیو آور چلڈرن کاررواں روانہ کیا گیا،مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنوں سے زخمی کشمیریوں کی آنکھوں کا علاج کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں،المصطفیٰ آزاد کشمیر میں آئی کیمپوں کے علاوہ یتیم بچوں کی کفالت کے لئے یتیم خانے، مہاجرکیمپوں میں امدادی سامان کی تقسیم، اجتماعی شادیوں کے فلاحی منصوبے بھی چلارہی ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ برٹش پاکستانیوں کی جانب سے پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے راہ ہموار کرنے پر ان کے شکر گزار ہیں، انھوں نے کہا کہ کشمیری اپنے وطن میں امن چاہتے ہیں، لیکن ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں جنگ مسلط کر رکھی ہے، نو لاکھ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں زندگی مفلوج کر دی ہے، کشمیریوں کا امن و سکون برباد کر دیا گیا، ان کی زمین چھین لی گئی اور آبادی ختم کی جارہی ہے جس کے لئے مقبوضہ کشمیر میں باہر سے لوگوں کو آباد کیا جارہا ہے اور کشمیر کا کلچر ختم کیا جا رہا ہے، صدر آزاد کشمیر نے المصطفیٰ کی آنکھوں کے علاج کے لئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ المصطفیٰ آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد کی بینائی بچانے کی کوشش کر رہی ہے، المصطفیٰ کشمیر میں آنکھوں کی روشنی بانٹ رہی ہے جبکہ ہندوستان میں قابض فوج بینائی چھین رہی ہے، آزاد کشمیر میں آئی کیمپوں پر بھرپور توجہ دینے پر المصطفیٰ کے شکر گزار ہیں اور المصطفیٰ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، صدر آزاد کشمیرنے کہا کہ کشمیر صوفیا کی سرزمین ہے اور کشمیر میں جگہ جگہ صوفیا کی تعلیمات کا فیضان جاری ہے، صوفیا پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔

تازہ ترین