کراچی (جنگ نیوز) امریکا کے صدارتی انتخاب کے نتائج تو کل تک سامنے آجائیں گے، جن سے معلوم ہوگا کہ اس بار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کی دوسری مدت کے لیے کامیاب ہوئے یا باراک اوباما کے عہد میں نائب صدر رہنے والے جو بائیڈن نے میدان اپنے نام کرلیا۔
تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اگر اس انتخاب میں ناکام رہتے ہیں تو وہ 21 ویں صدی کے پہلے امریکی صدر ہوں گے جو دوسری مدت کے لیے متنخب نہیں ہوسکے۔
مجموعی طور پر یہ لگ بھگ 3 دہائیوں میں پہلی بار ہوگا کہ ایک امریکی صدر دوبارہ کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔
اس سے قبل آخری بار ایسا 1992 کے انتخابات میں ہوا تھا جب ریپبلکن صدر جارج ڈبلیو بش کو پہلی مدت کے بعد ڈیموکریٹ اُمیدوار بل کلنٹن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔