• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن حکومت کوگرانے میں سنجیدہ ہے تو استعفیٰ دے، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اپنے ملک کے لوگوں کے ووٹوں سے منتخب اپوزیشن اراکین سے نہیں۔

سیاسی ماحول دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ملک میں الیکشن کا ماحول ہے جو باتیں حکمران انتخابات کے وقت کرتے تھے وہی آج بھی کر رہے ہیں۔

اپوزیشن حکومت کو گرانا چاہتی ہے، اگر واقعی سنجیدہ ہیں تو استعفیٰ دیں ایک گھنٹے میں حکومت ختم ہو جائے گی،پنجاب میں اورنج لائن ٹرین چلی تو ترقی پر خوشی ہوئی لیکن انسان ہیں جب اپنے شہر میں چنگچی رکشے چلتے دیکھتے ہیں تو افسوس ہوتا ہے۔

سوال اٹھتا ہے کہ کیا ہم دوسرے درجے کے شہری اور کم پاکستانی یا محب وطن ہیں؟ 8 نومبر کوباغ جناح کراچی کے جلسے سے حکومتی ایوانوں اور اپوزیشن پر لرزہ طاری ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، سیکرٹری جنرل حسان صابر، اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل اور دیگر مرکزی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا ایسا قابل عمل روڈ میپ پیش کریں گے، جس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ کسی قوم کو تباہ کرنا ہو تو اس سے امید چھین لو، پاکستان کے دانشوروں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عام عوام سے حکومت اور اپوزیشن نے امید چھین لی ہے، قوم دونوں سے مایوس ہو چکی ہے۔

تازہ ترین