• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِاعظم عمران خان کے ظہرانے میں اتحادیوں کی شکایات کے ڈھیر

وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے اتحادیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں اتحادیوں نے وزیرِ اعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔

ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے ترقیاتی فنڈز اور میگا پروجیکٹ نہ دینے پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ حلقے کے عوام کے مسائل حل نہ ہونے پر احتجاج کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فہمیدہ مرزا نے اندرونِ سندھ کو نظر انداز کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اندرونِ سندھ میں وفاقی یا صوبائی حکومتوں نے کوئی میگا پروجیکٹ یا ترقیاتی کام نہیں کیئے۔

فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ اندرونِ سندھ کے عوام کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان اندرونِ سندھ کے عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اندرونِ سندھ کے عوام کو نظر اندار کرنے پر مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

پیرپگارا نے وزیرِ اعظم عمران خان سے کہا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں لیکن حکومت اس کا ثبوت نہیں دے رہی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وفاقی حکومت کی جانب سے وعدوں کی تکمیل نہ ہونے پر وزیرِ اعظم عمران خان سے شکایت کی۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ایم کیو ایم نے بھی وزیرِ اعظم عمران خان سے کراچی سے کیئے گئے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں سے کیئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا، میں نے آپ کے تحفظات سن لیے ہیں، جلد ان پر عمل درآمد ہوتا نظر آئے گا۔


انہوں نے کہا کہ ہم تمام لوگ پاکستان کو بہتر بنانے کے لیے یکجا ہیں، آپ کو نظر آ رہا ہے کہ اپوزیشن ملک کو نقصان پہنچانے پر تلی ہوئی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن مجھے بلیک میل کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے، آپ سب کو معلوم ہے کہ میں بلیک میل نہیں ہونے والا۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ظہرانے میں ق لیگ اور بی این پی مینگل شریک نہیں ہوئیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ظہرانےمیں مٹن پلاؤ، حلیم اور کھیر سے اتحادیوں کی تواضع کی گئی۔

تازہ ترین