امریکا کے صدارتی انتخابات میں پاکستانی عوام نے بھی بہت دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور ووٹوں کی گنتی کے دوران بدلتی صورتحال پر میمز کے ذریعے اپنے تاثرات بیان کیے ہیں۔
انتخابات سے متعلق میمز میں ستم ظریفوں نے ٹرمپ کی تصویر لگا کر ساتھ اپنا تبصرہ بھی لکھا۔ ایک صاحب نے یہ شعر نقل کیا:
عرش والے میری توقیر سلامت رکھنا
فرش کے سارے خداؤں سے الجھ بیٹھا ہوں
کسی نے جو بائیڈن کی تصویر لگا کر ان کے نام سے یہ پیغام دیا کہ گھبرانا نہیں ہے۔
ٹرمپ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر کسی نے ان کے نام کے ساتھ ’ووٹ کو عزت دو‘ کا پیغام درج کر دیا۔
سوشل میڈیا کے ایک صارف نے ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کی تصویر لگا کر مریم نواز کا بیان نقل کیا اور لکھا کہ میری لڑائی تم سے نہیں، جو بائیڈن ہماری لڑائی تمھارے لانے والوں سے ہے، تم تو صرف ایک کٹھ پتلی ہو۔
کسی نے لکھا کہ ہارنے کے بعد ٹرمپ نے پی ڈی ایم میں شمولیت کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔
ایک میم میں پاکستانی امیدواروں کی طرز کا ایک پوسٹر بنایا گیا ہے، جس میں ٹرمپ اور اہل خانہ کی تصویر کے ساتھ لکھا ہے۔ انشاء اللّٰہ پریذیڈنٹ۔
ایک میم میں ٹرمپ کو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بیٹھا دکھایا گیا ہے۔
ایک صاحب نے ووٹ ڈالتے ہوئے ٹرمپ کی تصویر لگائی جس میں وہ اپنی بیوی کو ووٹ ڈالتے دیکھ رہے ہیں اور لکھا کہ ٹرمپ کو اپنی بیوی کے ووٹ پر بھی اعتبار نہیں۔