• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری مال روڈ ٹو منصوبہ سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا، کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ مری کا مال روڈ ٹو منصوبہ نیو کمرشل کوریڈور کا منصوبہ ہے جوعلاقہ میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کا باعث بنے گا اور اس سے کاروبار اور روزگار کے لئے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی طرز پر بننے والے اس منصوبہ کی لاگت کا جلد از جلد تخمینہ لگایا جائے۔یہ بات انہوں نے کمشنر آفس میں ʼمری میں نیو کمرشل کوریڈورʼکے منصوبہ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-کمشنر نے کہا کہ اس منصوبہ کے لئے جامع ماسٹر پلان مرتب کیا جائے جس میں تمام تکنیکی مسائل اور پہلوؤں، اور مستقبل میں مزید توسیع کی گنجائش کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے لئے 1.3کلومیٹر طویل اور 510کنال رقبہ پر مشتمل علاقہ تجویز کیا گیا ہے جو مری ایکسپریس وے کے ساتھ موضع ادواڑی اور موضع رکھ الف چرہان کے درمیان واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ ٹو کے منصوبہ سے نہ صرف مال روڈ پر رش میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ مری میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہو گی اور سیاحوں کو جدید ترین سہولیات بھی میسر ہونگی۔کمشنر راولپنڈی کو منصوبہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
تازہ ترین