• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی معاشی پالیسی اور مہنگائی کو مسترد کرتے ہیں، سینیٹر سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ فرانس کے صدر کی جانب سے توہین رسالتؐ اور گستاخانہ خاکوں کی سرکاری سرپرستی کے خلاف اور تحفظ ناموس رسالت ؐ کے حوالے سے اتوار15نومبر کو کراچی میں شاہراہ فیصل پر ملین مارچ منعقد کیا جائے گا،انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اشیائے خوردنوش سمیت عام استعمال کی چیزوں کو 25جولائی 2018کی قیمتوں پر فوری بحال کرے،وفاقی حکومت نے سندھ کے اسٹیک ہولڈرز کے مشورے کے بغیر جزائر پر قبضے کی کوشش کی ہے جماعت اسلامی سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔یو این او میں ایک تقریرکے بعد وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر پر پُر اسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے،مقبوضہ کشمیر میں ہندوآباد ی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اگر اسی طرح اضافہ ہوتا رہا تو وہاں مسلمان اقلیت بن جائیں گے،پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کی حکومت کی طرح پی ٹی آئی کی حکومت نے بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا،حکومت کی معاشی پالیسی اور مہنگائی کو مسترد کرتے ہیں، ہم نے باجوڑ میں جلسہ کیاتھا،بونیر میں جلسہ کریں گے اور پھر پشاور اور اسلام آباد میں بھی بھرپور احتجاج کریں گے۔جب عوام نکلیں گے تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا،ان خیالات کااظہا را نہوں نے فاران کلب میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم کی صاحبزادی کی تقریب نکاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی نائب امراء اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ودیگر ذمہ داران بھی موجو دتھے۔

تازہ ترین