اسلام آباد ( نمائندہ جنگ ،این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نےملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،کورونا عالمی وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، شاہ محمود نے نئے چینی سفیر کو پاکستان آمد اور بطور سفیر منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آپ جیسے وسیع تجربے کی حامل شخصیت کی پاکستان میں تعیناتی سے اقتصادیات، انفراسٹرکچر سمیت کثیر جہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا ، پاک ، چین تعلقات اور لازوال دوستی دنیا کیلئے مثال ہے]انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین برادرانہ تعلقات اور لازوال دوستی پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے ،دونوں ملکوں نے ہر مشکل اور کٹھن وقت میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی، کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت معاونت قابل تحسین ہے جس پر میں آپ کے توسط سے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت جاری تمام منصوبوں کی تیز تر تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،چینی سفیر نونگ رونگ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔دریں اثناء، وزیر خارجہ سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے ملاقات کی ، وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے،پاکستان کشمیریوں کے جائز حق، حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی معاونت جاری رکھے گا، عبید قریشی اور چیئرمین یوتھ ونگ ذیشان عارف بھی ملاقات میں موجود تھے۔