وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی دولت اور جائیداد سے متعلق سوال پوچھ لیا۔
نوشہرہ میں جلسےسے خطاب کے دوران پرویز خٹک نے استفسار کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن بتائیں ان کے پاس اتنی دولت اور جائیداد کہاں سے آئی؟
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف تمام تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد اور جے یو آئی کے سربراہ کو اپنی کرپشن کا نیب کو حساب دینا ہوگا۔
پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ فضل الرحمٰن کا بیانیہ نوازشریف، آصف زرداری سمیت اپنے لیے این آر او حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن جیسا رئیس مولوی کبھی زندگی میں نہیں دیکھا۔
انہوں نے دوران خطاب اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز اپنے والدین اور کرپشن کے پیسے کو بچانے کے لیے پی ڈی ایم کا سہارا لے رہے ہیں۔