کراچی (اسٹاف رپورٹر، آئی این پی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان کسی اور رنگ میں دکھایا جارہا ہے۔ جبکہ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا انٹرویو پورا پڑھنے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم بیانیہ یہی تھا کہ سیاست کا کام سیاسی جماعتوں کا ہے، اس میں کوئی دخل اندازی نہیں ہونی چاہیے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو کی وضاحت کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین کے بیان کو ہیڈلائنز، سب ہینڈنگز اور ٹی وی اسکرولز پر چلانے سے پہلے پوری طرح پڑھنا چاہئے۔ چیئرمین نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملٹی پارٹی کانفرنس کے نتیجے میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) وجود میں آئی ہے لہٰذا پیپلز پارٹی ، پی ڈی ایم ایجنڈے کے ساتھ پوری طرح کمیٹیڈ ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کابیانیہ پی ڈی ایم کابیانیہ نہیں۔