• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمائما امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کا انتظار کر کر کے تنگ آگئیں

برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ بھی امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کا انتظار کرکے تنگ آگئیں ہیں۔

امریکا میں صدارتی انتخابات جاری ہیں اور اس ضمن میں جہاں دیگر لوگ نتائج کا انتظار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں تو وہیں جمائما گولڈ اسمتھ بھی اس حوالے سے مزاحیہ ویڈیوز اور مختلف پیغامات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کر رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر زیادہ فعال رہنے والی وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں سوالیہ انداز میں کہا کہ ’کس نے سوچا تھا کہ ستر سال کی عمر کے دو آدمی صدارتی انتخابات کو اس طرح لڑیں گے کہ اس کے نتائج آنے میں ایک طویل وقت لگ جائے گا؟‘

جمائما کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ریان خان نامی صارف نے کہا کہ ’امریکا میں سب کچھ ممکن ہے۔‘

ایک صارف نے کہا کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ یہ امریکی صدارتی انتخابات نہیں بلکہ ایک کچھوے کی دوڑ چل رہی ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل جمائما نے ٹوئٹر پر ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ایک شخص ڈونلڈ ٹرمپ کی نقل کرتا دکھائی دے رہا تھا جسے وائٹ ہاؤس سے جانے کا کہا جا رہا تھا لیکن وہ انکار کرتے ہوئے زمین پر لیٹ جاتا ہے اور کہتا ہے کہ ’میں نہیں جاؤں گا۔‘

جمائما گولڈسمتھ نے ٹوئٹر پر مزاحیہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’آج رات وائٹ ہاؤس میں۔‘

خیال رہے کہ امریکی میڈیا کے مطابق ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار بائیڈن کو امریکا کا صدر منتخب ہونے کیلئے صرف 6 نشستیں درکار ہیں جبکہ فیصلہ کن ریاستوں پنسلوینیا، ایریزونا، نیواڈا اور جارجیامیں بائیڈن ٹرمپ سے آگے ہیں تاہم جارجیا اور پنسلوینیا میں دونوں امیدواروں کے درمیان کچھ ہزار ووٹس کا ہی فرق ہے۔

دوسری جانب جارجیا میں ہی ووٹس کی دوبارہ گنتی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جارجیا کے قانون کے مطابق اگر امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹوں میں فرق 0.5 فیصد سے کم ہو تو کوئی بھی فریق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرسکتا ہے۔

تازہ ترین