واشنگٹن (جنگ نیوز )پاکستانی وزیراعظم عمران خان ، برطانیہ ، کینیڈا ، جرمنی ، بلجیم اور بھارت سمیت دنیا بھر سے نئے امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیئرس کو مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے ،عمران خان نے مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان اور خطے میں امن کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے بھی نومنتخب امریکی صدر کو مبارکباد دی۔ فرانسیسی صدر میکرون نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں ،سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے بھی جوبائیڈن کو مبارکباد دی ، کاملہ ہیئرس نے نو منتخب صدر کو مبارکباد کیلئے ٹیلی فون کیا ،دوسری جانب امیر قطر نے بھی جوبائیڈن کو مبارکباد دی ۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے نئےصدر منتخب ہونے پر جوبائیڈن کو دنیا بھر سے مبارکباد وں کا سلسلہ جاری ہے،کینیڈا ،برطانیہ کے وزیراعظم نے جوبائیڈن کو صدارتی الیکشن میں جیت پر مبارکباد دی ، ادھر فجی کے وزیراعظم فرینک نے سب سے پہلے بائیڈن کو جیت پر مبارک دی۔
آئرلینڈ کے وزیراعظم اور آئرلینڈ کے سیاسی رہنمائوں نے بھی جوبائیڈن کو مبارکباد دی ،پیرس کی میئر اینی ہیڈالگو نے ٹوئٹر پر جوبائیڈن کو ویلکم کہتے ہوئے مبارکباد دی، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فوری طور پر مبارکباد کا پیغام نہیں دیا لیکن اسرائیلی رہنمائوں نے جوبائیڈن کو مبارکباد دی ۔
ماحولیاتی تبدیلی پر کام کرنے والے یورپی رہنمائوں نے بھی جوبائیڈن کو مبارکباد دی ، امریکی ہائوس کی امیدوار الیگزینڈریا اوکازیو نے بائیڈن اور کاملا ہیئرس کو جیت پر مبارکباد دی۔
دوسری جانب امریکی میڈیا پر جوبائیڈن کی کامیابی کے اعلان کے بعد مختلف شہروں میں فاتح امیدوار کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیں۔