• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ کہتے ہیں کہ کوئی این آر او نہیں مانگ رہا وہ صرف این آر او کی باتیں کر رہے ہیں، حکومت کی بوکھلاہٹ بتارہی ہے کہ ان کی حالت اس وقت کیا ہے، اب جو پشاور کا جلسہ ہوگا یا لاہور کا جلسہ تو دیکھئے گا ان کا کیاحال ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی ڈیویلپمنٹ پلان کے تحت پروجیکٹ میں سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کام کررہی ہے جبکہ کچرا اٹھانے کے لئے200 سو سے زیادہ چنگچی رکشہ خریدے ہیں۔

ناصرشاہ نے کہا کہ 20 اکتوبر کے بعد سے ایک لاکھ 45 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جاچکا ہے، اب بھی شہر میں مزید کچرا تیزی سے اٹھایا جارہا ہے۔

وزیر بلدیات سندھ نے سابق کرکٹر وسیم اکرم کو مدعو کرتے ہوئے کہا کہ ہم وسیم اکرم کو ویلکم کہتے ہیں آئیں اور ہمارے ساتھ کام کریں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ بلاول کےانٹرویو کو صرف ہیڈ لائن میں دکھایا گیا، پڑھا نہیں گیا، تمام پارٹیوں کی مشاورت سے پی ڈی ایم وجود میں آئی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ تمام پارٹیاں ساتھ ہیں اور ایک ہی موقف پر ہیں، سب کا موقف ہے کہ ملک میں بہتری اور حکومت سے جان چھڑانی ہے، عوام کو آٹا چاہیے، گیس چاہیے، بجلی چاہیے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ جن کو یہ گولی والے بھتہ خور کہتے تھے آج یہ ان کو ساتھ لے کر بیٹھے ہیں۔

تازہ ترین