شادی کے بعد شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے اپنی چمکدار جلد کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی روز مرہ زندگی میں پانی کی مقدار ہمیشہ زیادہ رکھتی ہیں۔
عائشہ خان نے اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ بہت سے لوگ اکثر اُن سے فٹنس اور نرم و ملائم جلد کے حوالے سے پوچھتے ہیں تو اس پوسٹ میں میں ان تمام سوالوں کے جوابات دوں گی۔
انہوں نے لکھا کہ نہ ہی میں جلد کی ماہر ہوں اور نہ ہی کوئی فیشن بلاگر لہذا جلد کے مسائل میں گھرے ہوئے مداحوں کو انہوں نے ڈرماٹولوجسٹ سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا۔
عائشہ خان نے اپنی جِلد کے حوالے سے بتایا کہ ان کی اسکن ٹائپ ڈرائی یعنی خشک ہے جس کیلئے وہ زیادہ سے زیادہ پانی پیتی ہیں، بلاوجہ میک اپ کے استعمال سے گریز کرتی ہیں۔
سابقہ اداکارہ یہ بتانا نہ بھولیں کہ ان کے والدین کی جِلد بھی بہت اچھی ہے جو انہیں پیدائشی طور پر بھی ملی ہے، یہ بھی بتایا کہ انہیں آج تک کوئی جلد کا بڑا مسئلہ نہیں ہوا نہ ہی ایسی کسی بیماری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے مداحوں سے کہا کہ وہ اپنے سوالات اور مسائل شیئر کر سکتے ہیں ممکنہ طور پر میں جواب دینے کی کوشش کروں گی۔
واضح رہے کہ 15 اپریل 2018 کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔
اُن کے ہاں گزشتہ سال 12 ربیع الاول کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے ’ماہ نور‘ رکھا۔
عائشہ خان نے 19برس قبل یعنی 2000 میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مہندی، وصل، خدا زمین سے گیا نہیں ہے، پارسا، خدا میرا بھی ہے، من مائل، وہ ایک پل اور دیگر شامل ہیں۔
اداکارہ نے 18 سال کے کامیاب میڈیا کیریئر کے بعد میڈیا انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔
دوسری جانب اُن کے شوہر میجر عقبہ ملک نے برٹش رائل ملٹری اکیڈمی سے شہزادہ ولیم کے ساتھ گریجویشن کیا اور وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے نوجوان کیڈٹس کو ملٹری کی تربیت فراہم کی۔
میجرعقبہ پہلے پاکستانی ملٹری آفیسر ہیں جنہوں نے آر ایم اے ایس میں پلاٹون کمانڈر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے اور اعزازی تلوار بھی جیتی۔