• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میجر عقبہ کا اہلیہ عائشہ خان کیلئے پیار بھرا پیغام

شادی کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی پاکستان کی سابقہ اداکارہ عائشہ خان کے شوہر میجر عقبہ ملک نے اہلیہ کی سالگرہ پر پیار بھرا پیغام شیئر کیا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹس پر جاری پیغام میں میجر عقبہ نے اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنا سب کچھ قرار دیتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد دی۔

میجر عقبہ ملک نے لکھا کہ ’میں اس سے زیادہ بہتر زندگی کا تصورنہیں کرسکتا تھا، میں ہر روز اللّٰہ کاشکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے ظاہری اور باطنی طور پر اس جہاں کی سب سے زیادہ خوبصورت لڑکی سے نوازا۔‘

اہلیہ عائشہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میجر عقبہ نے یہ بھی لکھا کہ  ’میرا ہونے اور مجھے اس دنیا کا سب سے زیادہ خوش قسمت شخص بنانے کیلئے آپ کا بے حد شکریہ۔‘


شوہر کے اس خوبصورت اظہار پر عائشہ خان نے ایموجیز کا استعمال کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔

واضح رہے کہ 15 اپریل 2018 کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی اور اُن کے ہاں گزشتہ سال 10 نومبر کو  12 ربیع الاول کے دن بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے ’ماہ نور‘ رکھا۔

عائشہ خان نے 19برس قبل یعنی 2000 میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مہندی، وصل، خدا زمین سے گیا نہیں ہے، پارسا، خدا میرا بھی ہے، من مائل، وہ ایک پل اور دیگر شامل ہیں۔

اداکارہ نے 18 سال کے کامیاب میڈیا کیریئر کے بعد میڈیا انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

دوسری جانب اُن کے شوہر میجر عقبہ ملک نے برٹش رائل ملٹری اکیڈمی سے شہزادہ ولیم کے ساتھ گریجویشن کیا اور وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے نوجوان کیڈٹس کو ملٹری کی تربیت فراہم کی۔

میجرعقبہ پہلے پاکستانی ملٹری آفیسر ہیں جنہوں نے آر ایم اے ایس میں پلاٹون کمانڈر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے اور اعزازی تلوار بھی جیتی۔

تازہ ترین