• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی پاکستان کی سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے بیٹی ماہ نور کی پہلی سالگرہ گھر پر ہی منائی اور سوشل میڈیا پر ایک طویل پیغام شیئر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کو دنیا میں آنے والی ماہ نور کی سالگرہ کی تقریب کا اہتمام نانا، نانی نے کیا، جس کا ہمیں بالکل اندازہ نہیں تھا۔


عائشہ خان کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول میرے اور عقبہ کیلئے ہمیشہ یادگار اور اسپیشل رہے گا کیونکہ اللّٰہ نے ہمیں اس روز ایک قیمتی تحفے سے نوازا۔

38 سالہ سابقہ اداکارہ نے بیٹی کیلئے پیار بھرا پیغام لکھتے ہوئے اسے کُل کائنات، مسکرانے کی وجہ، آنکھوں کی ٹھنڈک اور روشنی قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسلامی کلینڈر کے مطابق آج ماہ نور کی پہلی سالگرہ ہے، آج کے بابرکت دن مجھے اور عقبہ کو ماہ نور کی صورت میں ایک قیمتی تحفے سے نوازا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ اس تحفے کا شکریہ ادا کرنے کیلئے ہمارے الفاظ ناکافی ہیں، ہم ہر لمحہ اللہ تعالی کا شکرگزار رہتے ہیں۔


عائشہ خان نے شوہر میجر عقبہ اور بیٹی کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے ماہ نور کو سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ماہ نور ایک خوش قسمت بچی ہے۔

مختلف ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’عالمی وبا کے دوران سالگرہ اور دیگر تقاریب ایسے ہی منائی جا رہی ہیں۔‘


سالگرہ کی تقریب منعقد کرنے والے ماہ نور کے نانا، نانی کے ہمراہ بھی عائشہ خان نے بیٹی کی تصویر شیئر کی۔

انہوں نے بتایا کہ ماہ نور کے پسندیدہ لوگوں میں اُن کی نانی کا نمبر سب سے اول نمبر پر آتا ہے، دنیا میں وی کسی کو اتنا نہیں چاہتی جتنا اپنی نانی کو چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ 15 اپریل 2018 کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

اُن کے ہاں گزشتہ سال 12 ربیع الاول کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے ’ماہ نور‘ رکھا۔


عائشہ خان نے 19برس قبل یعنی 2000 میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مہندی، وصل، خدا زمین سے گیا نہیں ہے، پارسا، خدا میرا بھی ہے، من مائل، وہ ایک پل اور دیگر شامل ہیں۔

اداکارہ نے 18 سال کے کامیاب میڈیا کیریئر کے بعد میڈیا انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

دوسری جانب اُن کے شوہر میجر عقبہ ملک نے برٹش رائل ملٹری اکیڈمی سے شہزادہ ولیم کے ساتھ گریجویشن کیا اور وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے نوجوان کیڈٹس کو ملٹری کی تربیت فراہم کی۔

میجر عقبہ پہلے پاکستانی ملٹری آفیسرہیں جنہوں نے آر ایم اے ایس میں پلاٹون کمانڈر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے اور اعزازی تلوار بھی جیتی۔

تازہ ترین