اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی برداشت نہیں کریں گے۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی رہنما نے کہا کہ جی بی الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو اس سے مقبوضہ کشمیر کا کیس بھی متاثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کوڈ آف کنڈکٹ میں واضح لکھا تھا جی بی میں وزراء اور وزیر اعظم نہیں آئیں گے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں سیاسی جلسہ کیا جبکہ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان یہاں ڈیرہ ڈال کر بیٹھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں جعلی پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری ہوئے ہیں، جو بیلٹ پیپر جاری ہوئے ہیں، اُن کی لسٹ آویزاں نہیں کی جارہی ہے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کو چرانے کا وفاقی حکومت نے منصوبہ بنایا ہے، جس کی مذمت کرتا ہوں۔