غذر، گوپس، گلگت بلتستان (نمائندہ جنگ، نیوزایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نےکہا ہے کہ ا مریکا میں عوام نے بد زبانوں کو اٹھاکر باہر پھینک دیا، پاکستان میں بھی یہی ہوگا،بہت جلد نااہل حکومت کا خاتمہ ہوگا، گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو مسلم لیگ (ن) اور گلگت بلتستان کے عوام نتائج تسلیم نہیں کرینگے ، ۔
پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان ہے، دنیا میں کورونااب آیا لیکن پاکستان میں 2018میں یہ بیماری آگئی تھی جو ماسک پہننے سے نہیں بلکہ اٹھاکر باہر پھینکنے سے جائیگی، اس بیماری نے وفاق کی اکائیوں، معیشت اور اداروں کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا۔
حکومت کا احتساب کرنا ہے اور یوم احتساب قریب آرہا ہے، حکومت کا جہاز ڈوب رہا ہے جس میں اب کوئی سوار نہیں ہوگا بلکہ اس سے چھلانگ لگائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوپس اور یاسین میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مریم نواز نے کہاکہ میں آج لالک جان نشان حیدر کے سرزمین پرکھڑی ہوں، پاک فوج کے جانثاروں کو سلام پیش کرتی ہوں،غذر شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے۔
انہوں نےکہاکہ عمران خان کا نام لیتے ہوئے تکلیف ہوتی ہے، اسکا نام بھی لینا گوارا نہیں کرتی، وہ چھوٹا آدمی ہے لیکن جب علاج مقصود ہو توبیماری کا نام لینا پڑتا ہے،وفاق میں تحریک انصاف کی جعلی حکومت جا رہی ہے ، گلگت بلتستان کے عوام اس الیکشن کے ذریعے جعلی حکومت کو فارع کرنے میں مدد کرے۔