بالی وڈ منشیات کیس کی تحقیقات میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار ارجن رامپال کو تفتیش کے لیے طلب کرلیا ہے۔
بھارتی خبر ایجسنی اے این آئی کے مطابق بالی وڈ منشیات کیس کی تحقیقات کرنے والے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے معروف بھارتی اداکار ارجن رامپال کو تفتیش کے لیے رواں ماہ 11 نومبر کو طلب کرلیا ہے۔
اے این آئی کے مطابق این سی بی نے تحقیقات کے لیے ارجن رامپال کی گرل فرینڈ گیبریلا ڈیمٹریڈس کو بھی پوچھ گچھ کے لیے 11 نومبر کو ہی طلب کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ارجن رامپال کے گھر چھاپہ مارا گیا تھا جس کے بعد اُن کے گھر کی تلاشی لی گئی۔
ارجن رامپال سے قبل بالی وڈ کے پروڈیوسر فیروز کی اہلیہ کو گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ انسداد منشیات ایجنسی کے چھاپے کے دوران اُن کے گھر سے مبینہ طور پر 10 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ اہلیہ کی گرفتاری کے بعد پروڈیوسر فیروز کو طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ این اسی بی کی جانب سے منشیات کیس اُس وقت شروع کیا گیا جب رواں سال سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد منشیات سے متعلق کچھ واٹس ایپ چیٹس منظر عام پر آئیں۔
اس کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے جن بالی وڈ اداکاروں کے خلاف تحقیقات کی تھی اُن میں صف اول اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اُن کی مینیجر کریشمہ پرکاش، کرن جوہر، ریا چکرورتی، سارہ علی خان اور شردھا کپور سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔