پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اس حکومت وقت کو ووٹ نہیں دیئے جاتے جو گھر جارہی ہو، ایسی حکومت کو ووٹ نہیں دھکا دیا کرتے ہیں، 15 نومبر کو اس جعلی حکومت کو گھر بھیجیں گے۔
نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ نواز شریف کی محنت چرانے کی کوشش کررہے ہیں، اپنے پولنگ اسٹیشنز پر ہدایت جاری کریں، ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ نیازی کا آخری ٹھکانہ ہے عوام کے حوالے، عوام اپناحساب خود کریں گے، کسی نےعمران خان سے کہا کہ گلگت بلتستان جاؤ وہاں مسلم لیگ (ن) جیت رہی ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ آپ گلگت بلتستان کی ترقی، اپنے مستقبل پر مہر لگائیں، چیف الیکشن کمشنر کو پیغام ہے عوام کے ووٹ کے بیچ میں مت آنا، اگر دھاندلی کی تو عوام تمہیں نہیں بخشیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جتنی محبت والدہ نے دی اتنی محبت جی بی کی ماؤں نے بھی دی، یقین ہوگیا ہے 15 نومبر کو جی بی میں شیر آرہا ہے، حفیظ الرحمان پر مسلم لیگ ن کے قائد کو فخر ہے، مسلم لیگ ن کا امیدوار دھاندلی کے باوجود آپ کے حق کے لیےکھڑا رہا۔
مریم نواز نے کہا کہ مشکل وقت میں جماعت کو چھوڑنے والے بے وفا کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے، جبکہ لوٹوں کی جگہ بھی آپ کے ووٹوں میں نہیں ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ جو آپ کےحق کی خاطر کھڑا نہ رہ سکے، وہ آپکا نمائندہ بننے کے لائق نہیں، ووٹوں کی عزت کرنے والوں کو نوازو۔