• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کاحصہ ہے،صابر گل

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے سابق صدر اور سپریم کونسل کے ایگزیکٹو ممبر صابر گل نے وٹفورڈ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کو آزاد کشمیر اسمبلی میں نمائندگی دینے کے لیے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کریں اور اس پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے، کشمیری عوام کو اعتماد میں لیا جائے، صابر گل نے کہا میری رائے میں اسمبلی اجلاس سے خطاب کیلئے وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کو بھی دعوت دی جائے ۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان ریاست جموں کشمیر کاحصہ ہیں اور پاکستان اور بھارت نے اقوام متحدہ میں اعلانیہ تسلیم کیا ہے گلگت وبلتسان ، لداخ، جموں، سرینگر، آزاد کشمیر ،اکسائی چن سمیت تمام علاقہ جات ریاست جموں کشمیر میں شامل ہیں، کسی بھی جماعت یا سیاسی جماعتوں اور فرد کو کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے خلاف فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ صابر گل نے کہا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا اور مقبوضہ کشمیر اور لداخ کو صوبہ بنانا ایک جیسا عمل ہے۔انہوں نے کہا کشمیر ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے جو 84471 مربع میل پر مشتمل ھے اور اس میں گلگت بلتستان ریاست جموں کشمیر کا جزولانیفک ہے ۔ صابر گل نے کہا آزاد کشمیر کے آئین 74، پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 257، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت گلگت بلتستان کو صوبہ نہیں بنایا جا سکتا۔پاکستان ایسا کوئی قدم نہ اٹھائے جس سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف موقف متاثر ہو ۔ انہوں نے کہا پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی پاور پالیٹکس میں ن لیگ، پی پی پی ،پی ٹی آئی،مسلم کانفرنس، جماعت اسلامی،جموں کشمیر پی پی و دیگر جماعتیں گلگت بلتستان کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ بنانے کے حوالے سے واضح موقف اپنائیں تاکہ تقسیم کشمیر کے عمل کو روکا جا سکے ۔ صابر گل نے امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کو امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔ صابر گل نے جنگ وجیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کا بھی زبردست خیر مقدم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی آزادی صحافت کی فتح ہے۔ آزادی صحافت میں ان کی اصولوں پر مبنی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
تازہ ترین