کراچی (نیوز ڈیسک) گلگت بلتستان میں 8جون 2015ء میں ہونے والے گزشتہ انتخابات میں اس وقت کی حکمران جماعت ن لیگ نے 15 نشستوں کے ساتھ میدان مارا تھا اور ایک آزاد امیدوار نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی،اس طرح ن لیگ کو 16نشستوں کیساتھ سادہ اکثریت حاصل رہی جبکہ اس وقت کی اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے حصے میں صرف ایک نشست آئی تھی،اسکردو ون میں کانٹے کے مقابلےکے بعد ن لیگ کے امیدوار محمد اکبر خان نےصرف ایک ووٹ سےکامیابی حاصل کی تھی، انہوں نے 3ہزار 331جبکہ ان کےمخالف امیدوار پی ٹی آئی کے راجہ جلال حسین نے 3ہزار 330ووٹ حاصل کئے تھے ، مجلس وحدت مسلمین اور اسلامی تحریک کے بھی دو دو امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی، پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام اور بی این ایف کے حصے میں ایک ایک نشست آئی جبکہ دو آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے تھے ، گلگت بلتستان کی دوسری قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بڑے بڑے برج الٹ گئے تھے، انتخابات میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہوگیا تھا،سابق وزیر اعلیٰ مہدی شاہ اور ن لیگ کے راجا اعظم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔