جدت سے بھر پور لیپ ٹاپ ،موبائلز ،گاڑیوں اور دیگر اشیاء کے ساتھ ساتھ کپڑے بھی تیار کیے جا رہے ہیں ۔کوڈارٹ مائوتھ کا لج کے سائنس دانوں نے ایک ایسا اسمارٹ کپڑا تیار کیا ہے جو اپنے اوپر رکھی اشیا ء کی شناخت کر سکتا ہے ۔اس کے علاوہ یہ پھلوں اور سبزیوںکو دیکھنے کے ساتھ ہمیں صحت مند غذا کھانے کی تر غیب بھی دے گا ۔اور اگر آپ کوئی چیز بھول رہے ہیں تو یہ کپڑا اس کی نشان دہی بھی کرسکتا ہے ۔تجرباتی طور پراس کپڑے کو آزما یا گیا اور اس کے بہت اچھےنتائج سامنے آئے ہیں ۔ ماہرین نے اس کا نام’’ کییے سیٹی ‘‘ رکھا ہے ۔
اس سوتی کپڑے میںبر قیرے (الیکٹروڈ ) لگائے گئے ہیں جہاں کسی شے کی حرارت منتقل ہوتی رہتی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کپڑا غیردھاتی اشیا مثلاً پھلوں اور سبزیوں کو ان کے مخصوص برقی میدان کے تحت شناخت کرتا ہے۔ اس کے لیے اندر لگے الیکٹروڈز کیپے سیٹنس معلوم کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ کسی بھی شے کی شکل اور سائز کو بھی برقی میدان کے تحت ہی آشکار کرتا ہے۔اس میں جو بھی ڈیٹا جمع ہوتا ہے وہ کمپیوٹر تک جاتا ہے جہاں مشینی اکتساب (لرننگ) کے ذریعے وہ مخصوص اشیا کو شناخت کرتا ہے۔
میچ ہونے کی صورت میں یہ بتاتا ہے کہ اس پر کیا شے رکھی گئی ہے۔ ابتدائی تجربات میں کپڑے سے جڑے نظام نے 94.5 فی صد درستی سے 20 اشیا کو شناخت کیا۔ ان میں پھل، سبزیاں، باورچی خانے کے برتن، پلاسٹک کا سامان، اور برتن میں رکھے پانی کی مختلف مقدار شامل تھیں۔لیکن اس کے لیے شناخت کی جانے والی چیزوں کو کچھ دیر کے لیے کپڑے پر رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مستقبل میں اس ٹیکنالوجی سےکئی فوائد حاصل ہوں گے۔مثال کے طور پر کسی کھانے کے اجزا کی شناخت کرنا یا پھر کپڑے پر رکھےپودے کو پانی دینے کے اوقات کو جانا جاسکتا ہے ۔اس اسمارٹ کپڑے سے اور بھی دیگر کام لیے جاسکتےہیں ۔