• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ، فریال تالپور کے اثاثے سامنے آگئے


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت اراکینِ سندھ اسمبلی کے مالی گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 23 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی 2 گاڑیاں بھی ہیں۔

مراد علی شاہ کو والدہ کی طرف سے 100 تولے سونا تحفے میں ملا، ان کی بیٹی کے نام ڈی ایچ اے میں 3 کروڑ مالیت کے 2 پلاٹ ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور 39 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہے۔

فریال تالپور کے پاس 980 گرام کے طلائی زیورات اور 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 3 گاڑیاں بھی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے وزیرِ اطلاعات ناصر حسین شاہ 13 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے ہیں، انہوں نے اپنے پاس 477 تولے سونا بھی ظاہر کیا ہے۔


الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ کے صوبائی وزیر سہیل انور سیال 9 کروڑ 28 لاکھ روپے کے مالک ہیں۔

الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے فردوس شمیم نقوی 33 کروڑ 40 لاکھ روپے کے مالک ہیں، جبکہ حلیم عادل شیخ 2 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

تازہ ترین