• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 8 کروڑ 6 لاکھ روپے


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکینِ قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں جن کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ 6 لاکھ روپے ہے۔

الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے پاس پاکستان میں 10 غیر منقولہ جائیدادیں ہیں، ان کے پاس زمان پارک لاہور میں 7 کنال کا وراثت میں ملا گھر ہے جس کی تعمیر پر 4 کروڑ 53 لاکھ روپے اخراجات آئے۔

عمران خان کو بنی گالہ میں 300 کنال کا گھر بطور تحفہ ملا، گھر کی اضافی تعمیر پر 1 کروڑ 14 لاکھ روپے خرچ آیا ، ان کے پاس موہڑہ نور میں 50 لاکھ روپے مالیت کا 6 کنال کا پلاٹ ہے، انہیں میانوالی، بھکر، شیخو پورہ اور خانیوال میں 5 اراضی وراثت میں ملیں ہیں۔

الیکشن کمیشن کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے پاس ملک سے باہر نہ جائیداد ہے اور نہ ہی کاروباری سرمایہ ہے البتہ ان کے 4 غیر ملکی کرنسی بینک اکاؤنٹ ہیں۔

عمران خان کے غیرملکی ایک اکاؤنٹ میں 518 پاؤنڈ ہیں، ایک غیر ملکی کرنسی بینک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 28 ہزار 760 ڈالر ہیں، عمران خان کے ایک غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹ میں 1470 ڈالرز ہیں۔

عمران خان کے یورو کرنسی اکاؤنٹ میں کوئی رقم نہیں، انہوں نے شاہراہِ دستور پر 2 اپارٹمنٹس کیلئے 1 کروڑ 19 لاکھ روپے ادا کر رکھے ہیں۔


عمران خان کے پاس 1 کروڑ 99 لاکھ روپے کیش ہے، ان کے پاس 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریاں ہیں ، جبکہ بینک اکاؤنٹ میں 5 کروڑ 66 لاکھ روپے ہیں۔

عمران خان کی اہلیہ کے پاس پاکپتن، اوکاڑہ اور بنی گالہ میں 4 جائیدادیں ہیں ، عمران خان نے فیروز والا شیخوپورہ میں اپنی جائیداد فروخت کر دی، جس کے 7 کروڑروپے سے زائد ملنے ہیں۔

تازہ ترین