• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں روبوٹ آپریٹڈ کوویڈ-19 ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح


برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے اسلام آباد میں روبوٹ آپریٹڈ کوویڈ - 19 ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا۔

ملک بھر میں کوورنا وائرس کی تشخیصی صلاحیت بڑھانے اور اس مرض کے خلاف موثر انداز میں لڑنے کے لیے فیوچر ٹرسٹ نے اوپن سیل ٹیکنالوجی کےاشتراک سے فیوچر لیبس کا آغا ز کر دیا ہے۔

فیوچر لیبس نے ایک انتہائی جدید روبوٹک موبائل کوویڈ ۔19 لیبارٹری کا آغاز کیا ہے ۔

اوپنسیل کے تحت برطانیہ میں تعمیر کردہ یہ لیبارٹری بائیو سیفٹی لیول 2 پلس(بی ایس ایل2 +) سہولت ہے جو آئی ایس او 15189 معیار کے مطابق تعمیر کی گئی ہے۔

یہ اسٹیٹ آف آرٹ لیب کوویڈ -19آر ٹی- کیو پی سی آر ٹیسٹنگ کرنے کے تمام معیارات کو پورا کرتی ہے۔ 5لیکویڈ ہینڈلنگ روبوٹ کے استعمال کی وجہ سے اس لیب میں تمام شفٹوں کو چلانے کے لیے عملے کے صرف 6 افراد کی ضرورت پڑتی ہے۔ لیب ہر دن 2000 سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے پروجیکٹ پر خوشی کا اظہار کیا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے سفیر علی جہانگیر صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مختلف وجوہات پر روشنی ڈالی کہ انہیں کیوں لگتا ہے کہ فیوچر لیبس خوش آئند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لیب برطانیہ اور پاکستان کے متحرک تعلقات کی ایک مثال ہے جو لوگوں کے درمیان تعمیر ہوا ہے اور مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں بھی اس میں شامل رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو فخر ہے کہ وہ کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی سطح پر ایک ویکسین بنانے اور اس کی تقسیم کے لیے صف اول میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ پاکستان کو یو کے ایڈ کے ذریعے کوویڈ ریلیف کے وسیع میدان میں ترقیاتی امداد بھی فراہم کررہا ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ یہ معاشی نمو اور تجارت کی کہانی ہے اور وہ اس میں مزید تعاون کے ذریعہ معاشی ترقی اور برآمد کو فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔

غیر ملکی سرمایہ کاری کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ میں اس منصوبے کی حمایت کرنے اور ساتھ شامل ہونے پر عزت مآب ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ برطانیہ اور پاکستان میں اداروں کے مابین یہ شراکت نہ صرف اس وجہ سے ہمارے لیے اہمیت کی حامل ہے کہ دونوں ممالک بہت قریب ہیں بلکہ اس وجہ سے کہ یہ علوم سائنس میں شراکت کی نمائندگی کرتا ہے جو اس وقت دنیا کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائف سائنسز میں برطانیہ کی برتری اور قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے ہم مستقبل قریب میں اس طرح کی مزید شراکت کے منتظر ہیں۔

اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے فیوچر لیبس کی مالیکیولر بائیولوجی کے سربراہ ڈاکٹر عظیم بٹ نے کہا کہ کوویڈ ۔19 سے لڑنے کے لیے سائنس میں جدت پر جے ایس بینک اور فیوچر ٹرسٹ جیسی کارپوریٹ تنظیموں کو کام کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی۔

فیوچر ٹرسٹ ایک غیر منافع بخش مخیر ادارہ ہے جو جے ایس گروپ کے ذریعہ قائم کیا گیا ہے جو غربت کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو دور کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

تازہ ترین