ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ موثرویکسین ہی عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف دیرپا تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کے دستیاب ہوتے ہی اس کی فراہمی کی مربوط حکمت عملی پرکام جاری ہے،کورونا وائرس نے دنیا بھر میں صحت کے نظام اور معیشت کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوری 2020 سے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی تیاری کی بھرپور کوششیں جاری ہیں، اس کے علاوہ دنیا بھر میں مختلف ویکسین کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسین کے ٹرائلز بھی جاری ہیں۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق تیارکردہ ویکسین کے ٹرائلز کے بعد ڈیٹا کا تجزیہ کیا جائے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین پر ماہرین کی خصوصی کمیٹی صورتحال پرنظر رکھے ہوئے ہے، کورونا ویکسین کی فراہمی کے لیے عالمی ادارہ صحت بشمول گاوی اور کوویکس سے بات چیت جاری ہے۔
ترجمان وزارت صحت نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین کے دستیاب ہوتے ہی ملک بھر میں اس کی ترسیل کے انتظامات پرکام جاری ہے۔