پشاور (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے ہدایت کی ہے کہ زیر تعمیرارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور پرتعمیراتی کام کوتیز کر تے ہوئے مقررہ مدت میں اسکی تکمیل یقینی بنائی جائے۔متعلقہ افسران تعمیراتی کام پر پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیں۔ یہ ہدایات معاون خصوصی نے مذکو رہ سٹیڈیم کے اچانک دورے کے موقع پر دیں۔ دریں اثناء ریاض خان نے جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور انہیں پراجیکٹ کی فزیبیلٹی کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر حکام نے تفصیلی بریفننگ دی۔ معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ مذکورہ سٹیڈیم 1377.87 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور سٹیڈیم آئی سی سی کے معیار کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ریاض خان نے حکام سے کہا کہ تعمیراتی کام کو تیزتر کیا جا ئے تاکہ یہ جلد مکمل ہو۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کام کی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور جو بھی غفلت کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف ایکشن لیں گے۔ ریاض خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن بحال ہو چکا ہے اور بہت جلد پی ایس ایل پشاور میں بھی منعقد کئے جائیں گے انہوں نے مزید کہا خیبرپختونخوا کی حکومت نوجوانوں کو کھیل کے بھرپور مواقع فراہم کرنے اورکھیلوں کے فروغ پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے تاکہ کھیلوں کے ذریعے ہم نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچا یا جا سکے۔ معاون خصوصی نے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں صوبا ئی حکو مت نوجوانوں کیلئے 1000 کھیلوں کے منصوبوں کی تکمیل پر کا م کر رہی ہے جبکہ ضم شدہ اضلاع میں بھی سپورٹس کمپلیکسزترجیہی بنیادوں پر قائم کیے جا رہے ہیں جن سے وہاں کے نوجوان کھیل کے میدان میں مستفید ہونگے۔دورے کے دوران چیف انجینئر طارق خان سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی مو قع پرموجود تھے۔