• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف کے ساتھ جو ہوا وہ کسی آمر یا سابق آرمی چیف کے ساتھ نہیں ہوا،ندیم نصرت

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم مہاجروں سے مخلص ہوتی تو آج مہاجروں کا یہ حال نہیں ہوتا۔ ایم کیو ایم خود کو دوبارہ مہاجر قومی موومنٹ کہلوائے تاکہ واضح ہوجائے کہ یہ مہاجروں کی جماعت ہے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن پر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے موقف میں فرق نہیں ہے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ندیم نصرت نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پر ’را‘ سے تعلقات کے الزامات کی تردید کرتا ہوں،الطاف حسین کے حوالے سے تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں، امید ہے محمد انور اور طارق میر بھی اس حوالے سے اپنا موقف دیں گے، ایم کیو ایم ملک کے خلاف کام کرنے کی خواہش یا پلاننگ نہیں رکھتی، تمام غلط فہمیاں ختم کرنا چاہتے ہیں، ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے کسی اور کو فائدہ اٹھانے کا موقع ملے۔ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ ہم کسی ادارے پر الزام نہیں لگارہے ہیں، ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی وفاداریاں تبدیل کرانے کا معاملہ ادارے کی سطح پر نہیں ہے، اگر کچھ لوگ کوئی کام کررہے ہوں تو گھر کے بڑوں سے ہی بات کی جاتی ہے، ایسے افسران کے نام میڈیا پر نہیں بتائیں گے کیونکہ کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ ایم کیو ایم کا اداروں سے تصادم کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم تمام غلط فہمیاں ختم کرنا چاہتی ہے، جس طرح کی چیزیں ہورہی ہیں یہ اپنے آپ کو دھوکا دینا ہے، ہماری کوشش ہے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو غلط ثابت کریں، ہمارا فرض ہے کہ اپنا نقطہ نظر پیش کریں چاہے اسے قبول نہ کیا جائے،ایم کیو ایم کیخلاف تین سال سے آپریشن جاری ہے لیکن ایک گولی نہیں چلی۔ ندیم نصرت نے کہا کہ طارق میر سے منسوب کیے گئے بیان کی اسکاٹ لینڈ یارڈ تردید کرچکی ہے، سرفراز مرچنٹ کے حوالے سے جو دستاویز آرہی ہے وہ ہمارے پاس نہیں ہے، سرفراز مرچنٹ پاکستان میں کئی کیسوں میں مطلوب ہیں، غیرحتمی دستاویز کی بنیاد پر ایم کیو ایم کو قصور وار ٹھہرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں پر مقدمات بنا کر انہیں بلیک میل کیا جارہا ہے، اشفاق منگی کو کچھ جے آئی ٹیز میں نامزد کیا گیا تھا، اشفاق منگی بہت عرصے سے زیرزمین تھے، وہ گرفتاری کے خوف سے ڈیڑھ دو سال سے اپنے حلقے میں بھی نہیں جارہے ہیں، خوشی ہے کہ ڈرائی کلیننگ کے بعد اب وہ آزاد زندگی گزاریں گے، اشفاق منگی کیخلاف الزامات کو غلط سمجھتے ہیں۔ ندیم نصرت نے بتایا کہ میں 1999ء کے اواخر سے شدید بیمار تھا، 2001ء کے اوائل میں مجھے کینسر تشخیص ہوا، میں چار سال تک زندگی کیلئے لڑتا رہا اس کے بعد امریکا چلا گیا، امریکا میں میری ٹریٹمنٹ بھی ہوتی رہی اور میں ٹیچنگ میں بھی رہا، اس دوران میں سیاست سے لاتعلق رہا، اس تمام عرصہ میں وہ لوگ معاملات چلارہے تھے جو آج الزامات لگارہے ہیں، اگر ایم کیو ایم نے کچھ غلط کیا ہے تو اس کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں، یہ اطلاعات تھیں کہ ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں نے اپنی پوزیشن کو استعمال کر کے پیسہ بنایا۔ اردو بولنے والی کمیونٹی کے ساتھ زیادتی کے حوالے سے ندیم نصرت نے کہا کہ جنرل مشرف واحد فوجی آمر نہیں تھے لیکن جو جنرل پرویز مشرف کے ساتھ ہوا وہ کسی سابق آرمی چیف یا آمر کے ساتھ نہیں ہوا، ماضی میں اتنے بڑے عہدے پر رہنے والے کسی شخص کا اس طرح ٹرائل نہیں ہوا ، جنرل پرویز مشرف جس ادارے میں تھے اس کے کسی افسر کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہوا۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی نے کہا کہ کنوینر ندیم نصرت کو پریس کانفرنس کے دوران لوگ لقمے دیتے رہے، ندیم نصرت 1992ء سے 2000ء تک تھے، پھر 2013ء سے لے کر ابھی تک ہیں، کبھی نہیں کہا کہ مجھے کچھ نہیں پتا تھا،2008ء سے 2013ء تک میں ایم کیو ایم کا ڈپٹی کنویر تھا اور پارٹی چلارہا تھا، نائن زیرو پر پارٹی کی تنظیم نو کرتا اورجلسے اور پریس کانفرنسز کرواتا تھا، جس طرف اشارہ کیا جارہا ہے وہ چیزیں پاکستان سے نہیں کہیں اور سے چلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی تنظیم بڑی ڈسپلن والی تھی، میرے زمانے میں پارٹی میں بڑوں کا احترام کیا جاتا تھا، ایم کیو ایم خود کو دوبارہ مہاجر قومی موومنٹ کہلوائے تاکہ واضح ہوجائے کہ یہ مہاجروں کی جماعت ہے، میں پہلے پاکستانی اور پھر اردو بولنے والا ہوں، مہاجروں کی بات کرنے والی ایم کیوا یم ان کیلئے کچھ نہیں کررہی ہے، جب یہ بحران میں ہوتے ہیں تب ہی انہیں مہاجر یاد آتا ہے، اگر ایم کیو ایم مہاجروں سے مخلص ہوتی تو آج مہاجروں کا یہ حال نہیں ہوتا۔  پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کا اپنے احتساب کیلئے پسند کا جج مقرر کرنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، حکومت چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دے ، پی ٹی آئی نے وجیہہ الدین کے فیصلے پر تنظیموں کو ختم کر کے ازسرنو پارٹی الیکشن کروانے کی بات کو قبول کیا گیا، منگل کی شام عمران خان کو تحقیقاتی کمیشن کے حوالے سے بریف کردوں گا، تحقیقاتی کمیشن پر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے موقف میں فرق نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے بھی چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کو تسلیم کیا ہے، پیپلز پارٹی نے پارلیمانی کمیٹی کی جو بات کی اس پر پی ٹی آئی کو اعتراض نہیں ہے، رضا ربانی نے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کر کے درست فیصلہ کیا، چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کے مطالبہ کی تقریباً تمام سیاسی جماعتیں حمایت کررہی ہیں۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کمیشن کا معاملہ حل ہونے کے بجائے الجھتا جارہا ہے، حکومت نے کمیشن کیلئے جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی کی شرائط تسلیم کرلیں لیکن اپوزیشن سرمد جلال عثمانی کو تسلیم کرنے پر بالکل تیار نہیں ہے۔ چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن پر تجزیہ کرتے ہوئے شاہز یب خانزادہ نے پاک فوج کی چھوٹو گینگ کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن شروع ہوگیا، جدید ہتھیاروں سے لیس ڈاکوؤں سے اب جنگ ہوگی، چھوٹو گینگ کی مزا حمت سے پنجاب حکومت پر سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے جو اپنی رِٹ اور پنجاب میں نو گو ایریا ہونے کے دعوے کرتی رہی ہے، رانا ثناء اللہ نے چھوٹو گینگ کو چھوٹا موٹا گینگ قرار دیا تھا لیکن اسی چھوٹے موٹے گینگ کیخلاف پولیس پانچ مرتبہ ناکام ہوچکی ہے، اب اس آپریشن کی کمانڈ فوج کے پاس ہے جس میں رینجرز اور پولیس بھی حصہ لے رہی ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ جب سے مصطفٰی کمال واپس آئے ہیں متحدہ قومی موومنٹ کی لندن قیادت کی طرف سے اتنا مضبوط جواب نہیں آیا تھا جتنا پیر کو آیا ہے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت پہلی بار کھل کر سامنے آئے، ندیم نصرت کا کہنا ہے طاقتور ایجنسیوں کے کچھ لوگ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی وفا دا ر یاں تبدیل کروا رہے ہیں، آرمی چیف وقت دیں تو اس کا ثبو ت بھی پیش کردیں گے۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ مصطفٰی کمال نے متحدہ کو الرٹ کردیا کہ جو مقابلے میں زیادہ زور سے بات کررہا ہے وہی سب سے زیادہ ہم سے رابطے میں ہے، رکن اسمبلی اشفاق منگی بھی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے۔  
تازہ ترین