پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی تو پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انتخابات میں اگر دھاندلی ہوئی تو شدید ردعمل ہوگا، کسی کو ووٹ چوری نہیں کرنے دینگے،
چیئرمین پی پی نے کہا کہ آج انتخابی مہم کے اہم اور آخری دن پابندی عائد کردی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قانون کی بالادستی مانتے ہیں، عدالتی فیصلہ پسند نہ ہونے کے باوجود تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے الیکشن متنازع نہ بنائیں، ہوش کے ناخن نہ لیے تو صورتحال خراب ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا شروع سے مطالبہ رہا ہے کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات ہوں، ہم آئین کا احترام کرتے ہیں، ہماری جماعت نے ملک کو آئین دیا، مہم کے دوران ہمیں صوبہ بدر کرنے کی کوشش کی گئی۔