• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمور واقعہ، وزیر اعظم عمران خان کی پولیس افسر محمد بخش کو شاباش


وزیراعظم عمران خان نے کشمور میں اجتماعی زیادتی کے واقعے میں بہادری دکھانے والے پولیس افسر کو ٹیلی فون کیا اور شاباشی دی۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ  اے ایس آئی محمد بخش کو کشمور میں بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایسے افسران پر قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اے ایس آئی محمد بخش نے پولیس کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا۔

خیال رہے کہ اے ایس آئی نے کشمور زیادتی واقعے کے ملزمان کو پکڑنے کیلئے  بیٹی کی جان اور عزت خطرے میں  ڈال کر فرض شناس کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سندھ پولیس محمد بخش برڑو نے بتایا کہ میں نے اپنی بیوی اور بیٹی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا، ملزمان نے بچی کی والدہ سے دوسری خاتون کا بندوبست کرنے کا کہا تھا۔

اے ایس آئی کے مطابق ملزمان نے بچی اپنے پاس رکھ کر اس کی ماں کو دوسری خاتون کا بندوبست کرنے کیلئے چھوڑ دیا تھا۔

اے ایس آئی نے بتایا کہ انہوں نے متاثرہ خاتون کی مدد اور ملزمان کو پکڑنے کیلئے منصوبہ بنایا اور اپنی بیٹی کو متاثرہ خاتون کے ساتھ ملزم کے پاس بھیجا۔


محمد بخش کے مطابق میری بیٹی کشمور میں مقررہ ہوٹل پر پہنچی تو ملزم نہیں آیا، بعد میں رابطہ کرنے پر ملزم نے سٹی پارک آنے کا کہا جہاں ملزم نے بچی کی والدہ سے بات کرنے کے بعد میری بیٹی سے بات کی۔

اے ایس آئی کے مطابق ملزم ملک رفیق نے خود کو افسر ظاہر کرکے میری بیٹی کو بھی ملازمت کی پیشکش کی، اس دوران میری بیٹی اور بچی کی والدہ نے ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی اور پھر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اے ایس آئی کے مطابق گرفتار ملزم ملک رفیق کی نشاندہی پر بچی کو خالی مکان سے بازیاب کرایا گیا۔

تازہ ترین