• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امی نے اسکول وین چلا کر تعلیمی اخراجات پورے کیے، عائشہ عمر

ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اُن کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے والدہ اسکول وین چلایا کرتی تھیں۔

مشہور ڈرامے ’بلبلے‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے بچپن کے مشکل ترین دنوں سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب  میری عمر ڈیڑھ سال تھی تو والد کا انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد امی نے مجھے اور بھائی کو اکیلے پالا تھا‘۔

اداکارہ نے بتایا کہ ہم نے بہت مشکل سال دیکھےہیں، جس وقت ابو کا انتقال ہوا اُس وقت امی جوان تھیں مگر انہوں نے ہماری خاطر بہت بڑی قربانی دی اور شادی نہیں کی۔

عائشہ عمر نے بتایا کہ والد کے انتقال کے فوراً بعد امی کراچی سے لاہور منتقل ہوگئیں تاکہ وہ ابو کی موت کے غم سے باہر آ سکیں، ہم دونوں بہن بھائیوں نے تعلیم بھی لاہور میں حاصل کی،امی کا شروع سے صرف اسی ایک بات پر فوکس تھا کہ ہمیں اچھی تعلیم ملے۔

اداکارہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ہم نے جس اسکول میں داخلہ لیا وہاں کی فیس اور دیگر اخراجات بہت زیادہ تھے جو ہم برداشت نہیں کرسکتے تھے مگر امی نے ٹیوشنز پڑھائیں، ٹیچنگ کی اور یہاں تک کہ اسکول وین بھی چلائی پھر پیسے جوڑ جوڑ کر ہمارے تعلیمی اخراجات پورے کیے۔

انہوں نے بتایا کہ امی نے لاہور میں 12 سال اسکول وین چلائی تھی، تب کہیں جا کر ہم دونوں بہن بھائیوں نے اچھی تعلیم حاصل کی۔

عائشہ عمر نے بتایا کہ امی ایک اسکول میں پڑھاتی تھیں ، اس کے علاوہ اور کچھ کرنے کے لیے اُن کے پاس وقت نہیں تھا اس لیے انہوں نے اُسی اسکول کے بچوں کو پنک اینڈ ڈراپ کرنا شروع کردیا اور ایسےانہوں نے ہمارے تعلیمی اخراجات اور گھر کے خرچے پورے کیے۔

شادی سے متعلق پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں عائشہ عمر نے بتایا کہ اُن کی زندگی میں کوئی تھا جسے وہ پسند کرتی تھیں مگر اُس وقت والدہ اور بھائی کی ذمہ داری تھی تو اس لیے نہیں سوچا مگر اب فیملی شروع کرنے کے حوالے سے سوچ رہی ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جب 22 سال کی تھیں تو اُن کے ساتھ ہراسانی کا واقعہ پیش آیا مگر وہ چند وجوہات کی بنا پر نام نہیں بتا سکتیں۔

تازہ ترین