چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وزیر اطلاعات شبلی فراز، سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے سینیر صحافی اور جیو نیوز کے پروگرام جیو پارلیمنٹ کے میزبان ارشد وحید چوہدری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینئر صحافی ارشد وحید چوہدری کے انتقال کی خبر سُن کر دل افسردہ ہے، ان کی صحافتی خدمات کو ہمشہ یاد رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے سینئر صحافی ارشد وحید چوہدری کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ا یک بیان میں کہا کہ کورونا وباء کے دوران فرنٹ لائن پر ذمہ داریاں ادا کرنے والے صحافی ہمارے ہیرو ہیں۔
اسفند یار ولی خان نے تعزیتی پیغام میں کہا اے این پی معروف صحافی ارشد وحید چوہدری کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے، ارشد وحید چوہدری نے صحافی برادری کے حقوق اور آزادی صحافت کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی۔
مسلم لیگ ن کی سینیر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ارشد وحید چوہدری اپنے پیشے کو ایک مشن سمجھنے والے نیک نام صحافی تھے۔
سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ارشد وحید کو ابھی بہت جینا تھا، صحافت کو اُس جیسے آزادئ اظہار پر یقین کرنے والوں کی ضرورت تھی۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفر الحق، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نئیر بخاری، صدر مسلم لیگ ن خیبر پختو نخوا انجینئر امیر مقام، سابق مشیر عرفان صدیقی، رہنما مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصر عباس سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے ارشد وحید چوہدری کے انتقال پر اظہار افسوس اور ان کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔