کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) دنیا بھرکی طرح کوئٹہ میں بھی ہندو برادی نے دیوالی کا تہوار منایا ،ہندو برادری کے لوگ اس تہوار کور بھرپور طریقے سے مناتے ہیں گھروں، د کانوں ، عبادت گاہوں میں خوب چراغان کرتے ہیں آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ اس تہوار کی تیاریاں 9 دن پہلے سے شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات مزید 5 دن تک جاری رہتی ہیں،دیوالی کی رات سے پہلے ہندو پیروکار گھروں کی مرمت، تزئین و آرائش، رنگ و روغن کرتے ہیں۔ دیوالی کی رات کو ہندو پیروکار نئے کپڑے پہنتے ہیں، دیے جلاتے ہیں، کہیں روشن دان، شمع اور کہیں مختلف شکلوں کے چراغ جلائے جاتے ہیں، یہ دیے گھروں کے اندر اور باہر، گلیوں میں بھی رکھے ہوتے ہیں۔ دولت اور خوشحالی کی دیوی لکشمی کی پوجا کی جاتی ہے اورپٹاخے داغے جاتے ہیں۔ بعد میں سارے خاندان والے اجتماعی دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں، مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں۔ دوست احباب کو مدعو کیا جاتا ہے، تحفے تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں۔ جہاں دیوالی منائی جاتی ہے وہاں دیوالی کو ایک بہتریں تجارتی موسم بھی کہا جاتا ہے۔