ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ سونم کپور نے اکثر خواتین کو برائی کا قصوروار ٹھہرائے جانے اور انہیں ‘سازشی’ کے طور پر لوگوں کے سامنے پیش کیے جانے پر غصے کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کاسموپولیٹن انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سونم کپور کا کہنا تھا کہ انہیں ڈر لگتا ہے جب وہ دیکھتی ہیں کہ عورتوں کو اتنی آسانی سے نشانہ بنا لیا جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ مردوں کے بارے میں اس طرح بات نہیں کرتے جیسے خواتین کے بارے میں کرتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ہم دہائیوں پیچھے چلے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسا خود کسی تنقید کی زد میں آنے کی وجہ سے نہیں کہہ رہیں بلکہ انہوں نے اپنے ساتھ کام کرنے والی ایک خاتون کے ساتھ ایسا ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔سونم کپور کا کہنا تھا کہ انہیں آرٹسٹ یا تخلیقی شخص نہیں مانا جاتا، بلکہ ان کے کردار پر سوال اٹھائے جاتے ہیں۔سونم کپور کا کہنا تھا کہ یوں تو فلم انڈسٹری میں تمام مرد اور خواتین ایک جیسے ہیں، لیکن مردوں کو ‘ہیرو’ بنا دیا جاتا ہے جبکہ خواتین کو ‘سازشی چڑیلیں’ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ کچھ خواتین اس بیانیے کو سپورٹ بھی کرتی ہیں اور اس کو ختم کرنے کیلئے بہت محنت کرنا ہوگی۔