پنجاب کے وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال کہتے ہیں کہ آصف زرداری جونیئر اور بیگم صفدر کا بیانیہ عوام نے مسترد کر دیا ہے۔
صوبہ پنجاب کے وزراء ملک نعمان لنگڑیال اور سردار آصف نکئی نے گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات سے متعلق لاہور سے اپنے بیان جاری کیے ہیں۔
اپنے بیان میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار محمد آصف نکئی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان گلگت بلتستان کے عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا اور پنجاب کابینہ کے37ویں اجلاس میں 38 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی تا حال جاری ہے، 23 نشستوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 19نشستوں کے مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آگئے ہیں۔ 7 نشستوں پر آزاد امیدوار، 6 پر پاکستان تحریک انصاف، 4 پر پیپلز پارٹی، ایک نشست پر مجلس وحدت المسلمین ( ایم ڈبلیوایم) نے جبکہ ایک نشست پر مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔
گلگت بلتستان انتخابات میں 4 حلقوں کے مکمل نتائج آنا باقی ہیں، 2 حلقوں میں پی ٹی آئی، 1 میں مسلم لیگ ن اور ایک میں پی پی پی کے امیدوار آگے ہیں۔