• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون کو تھپڑ مارنیوالا پی ٹی آئی رہنما ادارہ تحفظ خواتین میں ہی تعینات

ساہیوال ( جنگ نیوز) پاکستان پوسٹ کی خاتون افسر کو تھپڑ مارنے کے کیس میں ضمانت پر رہا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی رہنما کو پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی (پی ڈبلیو پی اے) کا ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر تعینات کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن کنیز فاطمہ چڈھر کی جانب سے پی ٹی آئی کے ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکرٹری نوید اسلم کی تعیناتی نے بہت سے سوال اٹھا دئیے ہیں۔

خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے مقامی گروپس اس بات پر حیران ہیں کہ خاتون کے خلاف مبینہ طور پر تشدد میں ملوث شخص کیسے دوسری خواتین کا دفاع کرے گا۔ خیال رہے کہ 24ستمبر کو جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) میں سینئر خاتون پوسٹ ماسٹر (ایس پی ایم) آفیسر صوفیہ قاسم کو تھپڑ مارنے اور بدتمیزی کرنے پر غلہ منڈی پولیس نے نوید اسلم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا،

بعد ازاں انہیں اسی دن جائے وقوع سے گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم اگلے دن انہیں عدالت سے ضمانت مل گئی تھی اور اب تک وہ ضمانت پر ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 16؍ اکتوبر کو جاری ہونے والے تعیناتی کے حکم میں ملازمت کی تفصیل کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کو رپورٹ کرنا، خواتین کے حقوق کی مہمات میں حصہ لینا، چیئرپرسن اور ڈی جی پی ڈبلیو پی اے کو آن بورڈ رکھتے ہوئے میڈیا کو بریفنگ دینا اور خواتین کے خلاف تشدد کی متاثرین کو مدد فراہم کرنا نوید اسلم کی ذمہ داریوں میں شامل تھا۔ دوسری جانب صوفیہ قاسم نے نوید اسلم کی متنازع تعیناتی پر کہا کہ وہ انصاف کے لیے حکام سے رجوع کرنے پر غور کررہی ہیں، وہ انصاف کے حصول کے لیے جدوجہد کررہی ہیں تاہم انہیں اُمید ہے کہ انہیں عدالت سے انصاف ملے گا۔

ان کے وکیل فضل کریم نے نوید اسلم پر الزام لگایا کہ انہوں نے کیس پر اثر انداز ہونے کے لیے اپنی سیاسی پوزیشن کا غلط استعمال کیا اور ان کی نئی تعیناتی بھی اسی طرح کی ہی کوشش ہے۔ تاہم کنیز فاطمہ چڈھر نے دعویٰ کیا کہ وہ نوید اسلم کے کیس سے متعلق آگاہ نہیں تھیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کے تقرر سے متعلق پہلے ہی فیصلہ کرلیا گیا تھا لیکن اس کا نوٹیفکیشن اکتوبر میں جاری کیا گیا تھا، مزید یہ کہ اس تعیناتی کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین