پشاور( نمائندہ جنگ)پی ڈی ایم میں شامل گیارہ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی طرف سے حکمرانوں پر مزید دباؤ بڑھانے ،عوام کو سڑکوں پر لانے کے لئے متحرک کرنے اور22 نومبر کو پشاور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے پاور شو کے لئے تیاریاں تیز کر دی گئیں۔ مریم ، بلاول ، فضل الرحمٰن، شیرپاؤ، اسفندیار جلوسوں کے ہمراہ آئیں گے ۔قومی وطن پارٹی کے قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی ہدایت پر خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے ضلعی عہدیداروں کی طرف سے کارنر میٹنگز کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ جمعیت علمائے اسلام، اے این پی، پیپلز پارٹی،مسلم لیگ(ن) اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے بھی تیاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا۔ قومی وطن پارٹی کے قائد آفتاب احمد خان شیرپائو، سابق صوبائی سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپائو، اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر ایمل ولی خان چارسدہ سے الگ الگ جلوسوں کی قیادت کرتے ہوئے پشاور پہنچیں گے۔