• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کاہائی وولٹیج فائنل ”جیوسوپر“ سے براہ راست

کراچی (محمد ناصر) انتظار کی گھڑیاں ختم!! گھڑی کی سوئی اور کرکٹ کے متوالوں کی دھڑکنوں کا اسپیڈومیٹر ایک نظر آرہا ہے۔ کرکٹ کے محاذ پر ٹرافی کی جنگ کا کلائمکس آن پہنچا ہے۔ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اور میگا ایونٹ ”پاکستان سپر لیگ“ کا فائنل میچ منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا دھواں دھار اور سنسنی خیز میچ ”کراچی کنگز اور لاہور قلندرز“ کے درمیان ہوگا۔ اس سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کو دُلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے، دونوں ٹیمیں فیوریٹ ہیں، میگا ایونٹ میں فتح کا تاج پہننے کیلئے تمام کھلاڑی سر دھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہیں۔ اِسی لئے کرکٹ پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اِس بار شائقین نیشنل اسٹیڈیم میں سکسرز کے بگولے اُڑتا دیکھیں گے اور کھلاڑیوں کے بجلی بھرے بلے گولی کی رفتار سے چوکے اور چھکے اُگلیں گے۔ پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ یہ ہائی وولٹیج میچ اپنے ناظرین کیلئے براہ راست نشر کرے گا۔ دوسری طرف شائقین کرکٹ کا جوش اور ولولہ بڑھانے کیلئے پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ نے بھی خصوصی نشریات کا اہتمام کردیا ہے جو تمام دِن جاری رہے گی۔ یہاں پی ایس ایل کی خصوصی کوریج ہوگی، اسپیشل بلیٹنز ہوں گے، میدان کے اندر اور باہر سے کرکٹ کے سپر ایکشن براہ راست نشر کئے جائیں گے۔ ڈریسنگ روم سے کریز تک کی ہر خبر سب سے پہلے عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ پُر جوش شائقین سے بھی تبصرے لئے جائیں گے۔ اِس ٹرانسمیشن میں رات 11 بجکر 5 منٹ پر کرکٹ اور انٹرٹینمنٹ کا سب سے بڑا میلہ ”جشن کرکٹ“ کے نام سے سجایا جائے گا جو اس فائنل کیلئے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ”جشن کرکٹ اسپیشل“ میں کرکٹ ماہرین کی رائے لینے کے ساتھ ساتھ نامور کرکٹرز کی باؤنسرز اور کرکٹ پنڈتوں کی یارکرز کے علاوہ سلیبریٹیز سے ملاقات بھی کرائی جائے گی۔ چھوٹی کرکٹ کی بڑی جنگ میں مزاح کا تڑکا بھی لگے گا۔ اس کے علاوہ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر، کرکٹ کے سکندر سکندر بخت اپنے تجربات کی روشنی میں اہم تجزیئے اور تبصرے پیش کریں گے۔ اپنے منفرد انداز اور چلبلی گفتگو سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھرنے والے علی میر بھی اِس شو میں ایک نئے انداز میں جلوہ گر ہوں گے۔ تجزیئے، تبصرے اور قہقہوں کی برسات لئے کرکٹ اور انٹرٹینمنٹ کا یہ دھواں دھار شو اینکر پرسن شہزاد اقبال کی میزبانی میں نشر کیا جائے گا۔

تازہ ترین