ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب ملتان ڈویژن کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے ملتان ڈویژن کی ترقی کا ٹاسک سونپا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے ڈویژن کی ترقیاتی سکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان نے سکیموں میں تاخیر کے مرتکب افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز نوٹس دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے منصوبوں کی بروقت تکمیل لازم ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کو اسکوائش کمپلیکس پلان بنانے کا ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی پلاننگ کی جائے تمام ڈپٹی کمشنرز از خود ترقیاتی سکیموں کو مانیٹر کریں۔انہوں نے واسا کو بھی سورج کند روڈ میں سیوریج پائپ لائنیں مکمل بچھانے کیلئے 30 نومبر تک کا ٹاسک بھی دیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے مختلف محکموں کے افسران نے بتایا کہ ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی 8ارب کی 345 سکیمیں جاری ہیں جن میں،3ارب روپے خرچ کئےجاچکے ہیں۔کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی 210کروڑ کی 239سکیمیں ملتان ڈویژن میں جاری ہیں اور68کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ ڈویژن میں سیپ 2 کی 1 ارب سے زائد کی 138 سکیمیں جاری ہیں اور 74 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک، وی سی نشتر یونیورسٹی ڈاکٹر اعجاذ مسعود،ڈی جی ایم ڈی اے آغا علی عباس، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی ،متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک پر جبکہ قومی ترقیاتی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔