قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی نے سی پیک اتھارٹی ترمیمی بل 2020 کی منظوری دے دی۔
جنید اکبر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اسد عمر بھی شریک ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کثرت رائے سے سی پیک اتھارٹی ترمیمی بل 2020 منظور کرلیا گیا۔
اجلاس میں شریک7 ممبران نے بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 5 اراکین کمیٹی نے بل کی مخالفت کی، چیئرمین کمیٹی نے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق ن لیگی رہنما احسن اقبال، محمد سجاد، جنید انوار، سردار عرفان ڈوگر اور پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللّٰہ نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق سی پیک اتھارٹی آرڈیننس کے خاتمے کے بعد چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کوئی سیلری پیکیج نہیں لیا ہے ۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرڈیننس کے خاتمے کے بعد چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کوئی میمورنڈم آف انڈر اسٹنڈنگ (ایم او یو) بھی سائن نہیں کیا ہے۔