وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پنجاب میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 68 روپے کلو مل رہی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر ہیں، کوئی کمی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں گندم کے 42 لاکھ ٹن کے ذخائر ہیں اور مزید 19 لاکھ ٹن گندم جلد پہنچ جائے گی، نئی گندم کی فصل آنے تک گندم کا وافر اسٹاک ہوگا۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ دوسری طرف اسٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں اضافہ ہورہا ہے۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لیے کاروباری طبقے کو مراعات دی گئیں، ملک میں پہلی بار ڈیڑ ھ کروڑ سے زائد افراد کی مالی مدد کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 ارب ڈالر سے کم کر کے 3 ارب ڈالر پر لے آئے۔
مشیر برائے خزانہ نے مزید کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہورہا ہے، اس کی قدر بڑھ رہی ہے، ہم نے اخراجات کم اور ٹیکسز وصولی سے آمدن بڑھائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی کمپنیوں کی گروتھ میں اس سال 5 فیصد اضافہ ہے، درآمدات بڑھ رہی ہیں، ٹیکسٹائل کے لیے دسمبر تک کے آرڈر ہیں۔
حفیظ شیخ نے یہ بھی کہا کہ چاروں صوبوں کی جانب سے 40 ہزار ٹن گندم یومیہ ریلیز کی جا رہی ہے۔