پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی ضلع نوشہرہ کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی اسمبلی کے سابق امیدوار سید افتخار علی شاہ آف اکبر پورہ نے کہا ہے کہ ضلع نوشہرہ سے پیپلز پارٹی کے ہزاروں جیالوں کے قافلہ بائیس نومبر کو پشاور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسہ میں شرکت کے لئے پشاور پہنچے گا۔ ضلع نوشہرہ کے تمام دیہات میں کارکنوں کی طرف سے بائیس نومبر کو پشاور میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسہ کی کامیابی اور ریلی کے لئے زور و شور سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بائیس نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسہ کی کامیابی کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں پی ڈی ایم کے ہونے والے جلسہ سے حکمرانوں پر ابھی سے لرزہ طاری ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کا راستہ روکنے کےلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیئے گئے ہیں لیکن عوام کا راستہ نہیں روکا جا سکتا حکمرانوں کی کشتی ڈوبنے والی ہے اور بہت جلد عوام کو حکمرانوں سے نجات مل جائے گی۔ ادھر بائیس نومبر کو پشاور میں ہونے والے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں اکبر پورہ میں عثمان آباد میں سید جمیل شاہ کی صدارت میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا اجلاس ہوا۔ پیپلز پارٹی اکبر پورہ کے صدر سید جمیل شاہ جنرل سیکرٹری سید مصنف شاہ اور سابق کونسلر ملک قاسم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بائیس نومبر کو پیپلز پارٹی کے کارکن اکبر پورہ سے جلوس کی شکل میں جی ٹی روڈ تاروجبہ پہنچیں گے جہاں سے پیپلز پارٹی ضلع نوشہرہ کے بڑے جلوس میں شامل ہو کر پشاور پہنچیں گے۔