• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کا دبئی سے اغوا پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے: اسد خٹک

اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کا سابقہ اہلیہ وینا ملک پر الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اُن کا کہنا ہے کہ امریکی بچوں کو دبئی سے اغوا کرنا اور اپنے پاس رکھنا پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے اپنے حالیہ ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’محترم ڈی جی پاسپورٹ 27 اکتوبر کو جمع کروائی گئی ایک درخواست کا جواب اب تک موصول نہیں ہوا۔‘

اسد خٹک نے اپنے بچوں کے دستاویزات شیئر کرتے ہوئے لکھا میرے امریکی شہری بچوں کا غیر قانونی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کا اجرا اور دبئی سے غیر قانونی طریقے سے اغوا ریاست پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے ڈی جی پاسپورٹ سے درخواست کی کہ اس سازش کو جلد از جلد بے نقاب کریں۔

خیال رہے کہ وینا ملک نے کیمرے کی روشن آنکھوں، ہر سو رونقیں بکھیرتی روشنیوں اور رنگ برنگی گلیمر کی دنیا کو اچانک خیر باد کہہ کر اپنے شوہر کے ساتھ گھر بسانے کا ارادہ کیا تھا۔

اداکارہ وینا ملک ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں کیونکہ ان کے شوہر نے اپنے ہی بچے اسمگل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

گزشتہ دنوں اسد خٹک نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ جس اذیت سے میں گزر رہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا۔ میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔‘

اداکارہ و میزبان وینا ملک شوہر کے سنگین الزامات کے بعد میدان میں آئیں اور کہا کہ قانون اور شریعت کی رو سے25 ستمبر 2019 سے بچوں کی سرپرستی میرے پاس ہے۔

اداکارہ نے 2017 میں اسد خٹک سے طلاق لی، انہوں نے طلاق نامہ بھی شیئر کیا۔

وینا ملک نے 25 دسمبر 2013 کو اسد خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں۔

تازہ ترین