اداکارہ و میزبان وینا ملک شوہر کے سنگین الزامات کے بعد میدان میں آگئیں، انہوں نے کہا کہ قانون اور شریعت کی رو سے25 ستمبر 2019 سے بچوں کی سرپرستی میرے پاس ہے۔
اداکارہ نے 2017 میں اسد خٹک سے طلاق لی، انہوں نے طلاق نامہ بھی شیئر کیا۔
اداکارہ نے ایک اور ٹوئٹ میں بچوں کی سرپرستی کے حوالے سے عدالت کے فیصلے کی کاپی بھی شیئر کی۔
وینا ملک نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا کہ دبئی میں بھی قانون اور شریعت کی رو سے سرپرستی ماں یعنی انہی کے پاس ہے۔
وینا ملک نے یہ بھی کہا کہ میرے بچے میری تحویل میں ہیں اسد خٹک سستی شہرت کیلئے الزامات لگا رہے ہیں۔
وینا ملک نے کیمرے کی روشن آنکھوں، ہر سو رونقیں بکھیرتی روشنیوں اور رنگ برنگی گلیمر کی دنیا کو اچانک خیر باد کہہ کر اپنے شوہر کے ساتھ گھر بسانے کا ارادہ کیا تھا۔
اداکارہ وینا ملک ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں کیونکہ ان کے شوہر نے اپنے ہی بچے اسمگل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
وینا ملک نے 25 دسمبر 2013 کو اسد خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2018 میں وینا ملک نے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں انہوں نے اپنی خلع کی تصدیق کی تھی، پروگرام کے میزبان نے وینا ملک کی شادی ٹوٹنے اور شوہر سے علیحدگی کی خبروں پر سوال کیا کہ آخر معاملہ کیا ہوا تھا جس پر وینا نے کہا وہ اپنے دونوں بچوں کے ساتھ خوش ہیں۔
میزبان نے ان سے پھر سوال کیا تھا کہ آپ کے شوہر کے ساتھ معاملات کہاں تک پہنچے، آپ کی خلع ہوگئی یا صلح ہوگئی جس پر وینا ملک نے جواب دیا کہ ہم دونوں کی خلع ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بحیثیت فنکار ہونے کے ناطے ایک مثال قائم کرنا چاہتی تھی، میں نے اپنے کیریئر کے عروج پر شادی کی اور بہت سی قربانیاں دیں لیکن اپنی شادی کے حوالے سے چیزیں میڈیا پر لے کر نہیں آنا چاہتی تھی۔
خیال رہے کہ اسیکنڈل کوئین کے خطاب سے مشہور وینا ملک نے کیرئیر کا آغاز ہی ایک عریاں فوٹو شوٹ سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے فلم ’تیرے پیار میں‘ اداکارہ زارا شیخ کی ایک دوست کے ثانوی کردار سے کیا، جس کے بعد انہوں نے اداکار و ہدایتکار جاوید شیخ کی فلم ’یہ دل آپ کا ہوا‘ میں بھی اسی طرح کا رول کیا۔