راولپنڈی میں جاری نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں واپڈا اور نیشنل بینک نے اپنے سیمی فائنل جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
شائقین کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار سیمی فائنل کے ٹاکروں سے لطف اندوز ہوئے۔
مہمانانِ خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں کرکٹ کی طرح ہاکی کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنا بھی شامل ہے۔
انھوں نے کہا کہ قومی کھیل کو واپس زندہ کرنا ہے، گراس روٹ سے ہاکی کی بحالی کے لیے کام کرنا ہے۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز میں نیشنل بینک نے سوئی سدرن کو اور واپڈا نے پاکستان نیوی کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
سینیئر ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل جمعہ کو ایوب پارک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
ادھر کھلاڑیوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ ہاکی کو فروغ دینے کے لیے اسپیشل فنڈز جاری کیے جائیں۔