اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبا ل نے ملتان سکھر موٹروے کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات میری ذات پر نہیں چین پر حملہ اور سی پیک کے خلاف سازش ہے ،حکومت سی پیک کو متنازع بنا رہی ہے ،حکومتی مشیر الزام پر چین اور مجھ سے معافی مانگیں ، حکومتی لوگ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ، چیف جسٹس نوٹس لیں ،جھوٹے ریفرنس لانے سے جھوٹ سچ نہیں ہوجائے گا۔ جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ارشد وحید چوہدری کی وفات پر تعزیت کرتا ہوں ،ان کی جمہوری و صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ان سی پیک منصوبوں کا ایک بہت بڑا فلیگ شپ پراجیکٹ ملتان سکھر موٹر وے تھا، یہ 392کلومیٹر کے اس منصوبے پر ہزاروں لاکھوں پاکستانی سفر کر چکے ہیں اور ہر وہ شخص اس منصوببے پر سفر کر چکا ہے وہ اس کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکا کہ چین نے کس طرح پاکستان میں عالمی معیار کا انفرااسٹرکچر منصوبہ بنایا ہے۔انہوںنے کہاکہ آج بدقسمتی سے وزیر اعظم کے مشیر نے یہ الزام لگایا ہے کہ ملتان سکھر موٹر وے منصوبہ جس کی کْل لاگت 315ارب روپے تھی، اس میں سے ایک 137ارب روپے میں کھا گیا ہوں، اس سے پہلے وزیر مواصلات نے گوہر افشائی کی تھی کہ 70ارب ڈالر میں کمیشن کھا چکا ہے، آج وہ 70ارب بڑھ کر 137 ارب ہو گیا ہے، اس الزام کو نظرانداز نہیں یا جا سکتا کیونکہ سی پیک ایک کلیدی منصوبہ ہے جسے پاکستان اور چین کی حکومتوں نے نہایت جانفشانی کے ساتھ اور نہایت شفافیت کے ساتھ مکمل کیا تھا۔