گلگت / دیامر (جنگ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان پر الزام لگایا ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بنانے میں مصروف ہیں، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کا الیکشن ونگ ہے ، اسلام آباد میں بیٹھا حکمران جنوری تک کا مہمان ہے، پی ٹی آئی والے ہر آزاد امیدوار کو کہہ رہے کہ آپ وزیراعلیٰ ہیں، وہ سوچ لیں کیا 2مہینے کیلئے وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں، ایک تصویر میں الیکشن کمشنر گورنر اور علی امین گنڈاپور کے ساتھ بیٹھے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ادھر دیامر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہبازنے کہا کہ بلاول بھٹو لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا نہ کریں، ثبوت دیں، تصویر اگست 2019ء کی ہے ۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے نہ صرف سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے بلکہ پاکستان تحریک انصاف کو بھی کافی پیچھے چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی دن سے آج تک ہمارے کارکنان اس شدید موسم میں بھی دھرنا دے کر احتجاج کررہے ہیں اورالیکشن کمشنر ابھی تک دوبارہ گنتی کروارہے ہیں۔ بلاول کاکہنا تھاکہ الیکشن کمشنرگلگت بلتستان اپنے عہدے کا پاس نہیں رکھ سکے، ایک تصویر سامنے آئی ہے جس میں الیکشن کمشنر گورنر اور علی امین گنڈا پور کے ساتھ بیٹھے ہیں، ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ ان کا آپس میں مک مکا ہے ، وہ اپنی ملاقاتوں کی تفصیلات عوام کےسامنےلائیں، الیکشن کمشنر سیاسی لوگوں کے پاس جاکر بیٹھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں تو رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کا معاملہ نہیں، ہمیں سرکاری نتائج کا انتظار ہے، الیکشن کمشنر گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے میں لگا ہے،سازش کےتحت خواتین کو ووٹ کا استعمال نہیں کرنے کردیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ آزاد امیدوار صرف جنوری تک انتظارکریں۔