پشاور(نمائندہ جنگ)بڈھ بیر ، 7سالہ لاپتہ بچی کے قتل کا دلخراش واقعہ ،سفاک قاتل نے مقتولہ کی نعش جلا دی ، ورثا ء سراپا احتجاج ، نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا خیبر پختونخوا میں بچوں اور بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا نے اور قتل کے واقعات میں اضافہ ٗسال رواں میں 6بچے قتل ہوئے ،تحقیقات جاری ہیں ۔گزشتہ روز تھانہ بڈھ بیر پولیس کوبڈھ بیر قبرستان میں ایک بچی کی لاش ملی جس کو قتل کرنے کے بعد جلایا گیا ،لاش کی شناخت سات سالہ لیلی دختر معراج خان سکنہ بالو خیل بڈھ بیر کے نام سے ہوئی ، مقتولہ کا والد معراج خان پٹرولیم کمپنی میں بلوچستان میں ڈیوٹی دیتا ہے اس نے بتایا کہ وہ دو ماہ کے بعد بلوچستان سے ایک روز قبل آیاتھا گزشتہ روز ان کے گھر میں ختم قرآن پاک کا اہتمام کیا گیا تھا اس دوران سہ پہر تین بجے کے قریب لیلی گھر کے سامنے دوسری بچیوں کے ساتھ کھیل رہی تھی اور لاپتہ ہو گئی ، ٗکم عمر بچی کی لاش جلانے کی خبر علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور سینکڑوں اہالیان علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔