• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تو ذمہ دار اپوزیشن ہوگی، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ خدانخواستہ اگر قیمتی جانوں کاضیاع ہوا تو ذمہ دار اپوزیشن رہنما اور جلسوں کے منتظمین ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وباء ایک عالمی حقیقت ہے، یہ کسی ذہن کی اختراع نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ عدالتی فیصلہ بھی آچکا ہے، اپوزیشن اب ہوش کے ناخن لے اور عوام دشمنی کی مرتکب نہ ہو۔

اپنے بیان میں اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 561 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 42 ہزار 909 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کُل 50 لاکھ 98 ہزار 291 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں، جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 6 اعشاریہ 4 فیصد ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 738 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 36 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 868 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

تازہ ترین